پاکستان اور ایران عالمی امن و مسلم امہ کے اتحاد کیلئے پرعزم ہیں
07 نومبر 2025
وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران عالمی امن اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے پرعزم ہیں۔
انہوں نے یہ باتیں اسلام آباد میں اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر محمد باقر قالیباف سے ملاقات کے دوران کہی جنہوں نے اپنے وفد کے ہمراہ وزیراعظم سے ملاقات کی۔
ڈاکٹر قالیباف اور ان کی ٹیم کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور ایران کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے پرامن ذرائع، بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے مسائل کے حل کے لیے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای اور صدر مسعود پیشکیان کے لیے احترام اور خیرسگالی کے پیغامات پہنچاتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور ایران دونوں خودمختار ممالک کے خلاف ریاستی دہشت گردی اور بلا اشتعال جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک دہشت گردی کا شکار ہوئے ہیں اور امن، خوشحالی اور علاقائی تعاون کے حامیوں کے طور پر کھڑے ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان اور ایران امت مسلمہ کے اتحاد اور یکجہتی کے لیے مشترکہ وژن رکھتے ہیں، اور پاکستان کی جانب سے دوطرفہ تجارت اور تعاون بالخصوص اقتصادی شعبے اور دیگر باہمی فائدہ مند شعبوں میں فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔
اس کے جواب میں، ڈاکٹر باقر قالیباف نے حالیہ ایران اسرائیل تنازعہ کے دوران حمایت اور یکجہتی پر پاکستان کے وزیر اعظم، حکومت اور عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا، اور پاکستان کے موقف کو ایرانی عوام کی طرف سے بے حد سراہا ہے۔
انہوں نے دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے درمیان مثبت روابط کو بھی سراہتے ہوئے قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق کا تعاون پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔ ڈاکٹر قالیباف نے پاکستان کے ساتھ متعدد شعبوں بالخصوص تجارتی اور اقتصادی ترقی میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے ایران کے عزم کا اعادہ کیا۔
ایرانی اسپیکر نے صدر مسعود پیشکیان کی جانب سے وزیر اعظم شہباز شریف اور پاکستانی عوام کو تہنیتی مبارکباد اور نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور ان کے دورے کے دوران فراہم کی گئی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔
ملاقات میں قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق اور وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے امور خارجہ سید طارق فاطمی نے بھی شرکت کی۔