گنڈاپور، حماد اظہر کےناقابلِ ضمانت وارنٹ،تحریری حکم نامہ جاری
انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 5 اکتوبر کو لاہور میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کے دوران پولیس تشدد کے مبینہ واقعے کے سلسلے میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی تحریری ہدایت جاری کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کے ایڈمنسٹریٹو جج منظر علی گل کے دستخط شدہ ایک صفحے کے فیصلے میں کہا گیا کہ پولیس کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواست میں علی امین گنڈا پور، حماد اظہر اور دیگر کو جان بوجھ کر گرفتاری سے بچنے کا بتایا گیا ہے۔
تحریری حکم نامے میں مزید کہا گیا کہ پولیس کا خیال ہے کہ ملزمان گرفتاری سے بچنے کے لیے روپوش ہیں۔ ان کے خلاف لاہور کے مستی گیٹ تھانے میں دہشت گردی سمیت مختلف سنگین الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
عدالت نے پولیس کی جانب سے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی درخواست کو جائز سمجھتے ہوئے منظور کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور، حماد اظہر اور دیگر ملزمان کے خلاف ایسے وارنٹ جاری کرنے کی ہدایت کی۔
غور طلب ہے کہ کیس میں پی ٹی آئی کے مظاہرے کے دوران پولیس افسران پر حملہ کرنے، سرکاری فرائض میں رکاوٹ ڈالنے اور امن عامہ کو خراب کرنے کے الزامات شامل ہیں۔